پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے،سید خورشید احمد شاہ

 پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے،سید خورشید احمد شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے اور ہم عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا عوام پر قرضوں اور ٹیکسوں کے ناقابل برداشت بوجھ لادنے کے بعد حکومت اب براہ راست عوام کی جیبیں بھی خالی کرنا چاہتی ہے۔

جمعرات کواپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس طرح کی عوام دشمن پالیسیاں دیکھ کر حکومت کے یہ دعوے کہ مالیاتی ریزرو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں ایک بھونڈا مذاق لگتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ حکومت اب غریب سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پیپلز پارٹی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپےنکال رہی ہے اور اب براہ راست قیمتیں بڑھا کر عوام پر دوہرا ظلم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت زبانی دعووں میں تو عوام کو بجلی، صحت ، تعلیم اور زرعی خوشحالی دے چکی ہے مگر عملا عوام اس دور حکومت میں ہر شعبہ زندگی میں محرومی کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جس رفتار سے قرضوں کا اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ لادا جا رہا ہے اس کا انجام خطرناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ نہ دے اور انہیں حقیقی ریلیف مہیا کرے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے جا اور ظالمانہ اضافہ فوری واپس لے۔

مصنف کے بارے میں