پانامہ کیس، وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کل تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوں گے

پانامہ کیس، وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کل تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم کے کزن عزیز طارق شفیع کو دوسری بار 2 جولائی کو طلب کیا گیا ہے وہ اس سے قبل 15 مئی کو اپنا پہلا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے 25 جون کو جاری ہونے والے سمن کے مطابق حسن نواز کو 3 جولائی اور حسین نواز کو 4 جولائی کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

جے آئی ٹی میں حسین نواز کی یہ چھٹی اور حسن نواز کی تیسری پیشی ہو گی۔ عید سے پہلے چاند رات کو جاری سمن میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 5 جولائی کو دن 11 بجے پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا ہے۔ مریم نواز پہلی بار مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گی۔ جے آئی ٹی نے مریم نواز کو تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ طلب کیا ہے۔

اس سے قبل ان کے شوہر کیپٹن صفدر بھی ٹیم کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اب تک طلب نہیں کیا۔ کل سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ظفر حجازی ادارے کے چار دیگر افسران کے ساتھ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔

ایس ای سی پی کی اعلی افسران نے شریف خاندان کی چوہدری شوگر ملز کے خلاف تحقیقات کو روک دینے کے معاملے پر جے آئی ٹی کو بیانات ریکارڈ کرائے۔ یاد رہے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے پاس اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے لئے صرف 8 دن رہ گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو 10 جولائی تک رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں