'پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج بھرپور تعاون کرے گی'

'پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج بھرپور تعاون کرے گی'

لاہور: وزیر اعلی شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا۔ شہباز شریف نے آرمی چیف سے پاکستان سپر لیگ فائنل کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر گفتگو کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ملک میں خوف و ہراس کی فضا ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

آرمی چیف نے وزیر اعلی پنجاب کو پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے پنجاب حکومت کو جو بھی چیزیں درکار ہوں ہمیں بتائی جائیں۔

اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فائنل میچ کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مشاورت اور معاونت بھی حاصل ہے۔

 واضح رہے آرمی چیف نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون کا اعلان کیا تھا۔ یاد رہے پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں