’کپل شرما شو‘ غیر معینہ مدت کیلیے بند کردیا:بھارتی میڈیا

’کپل شرما شو‘ غیر معینہ مدت کیلیے بند کردیا:بھارتی میڈیا

ممبئی : مشہور کامیڈین کپل شرما کا معروف شو ’کپل شرما شو‘ غیر معینہ مدت کیلیے سونی ٹی وی کی جانب سے بند کر دیا گیا,جب تک کپل شرما مکمل صحت یاب نہیں ہو جاتے اس وقت تک پرانی ریکارڈنگز چلائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی خبر رساں ادارے ڈین این اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سونی ٹی وی کے نمائندے نے ’کپل شرما شو‘ کو بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میزبان کی مکمل صحت یابی تک شو بند رہے گا۔ سونی ٹی وی کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ ٹی وی چینل اور میزبان کی باہمی رضامندی سے ’کپل شرما شو‘ کو بند کیا جا رہا ہے، جیسے ہی کپل شرما کی صحت ٹھیک ہوگی، پروگرام کی نشریات بحال کی جائیں گی۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے بھارت کے معروف ریئلٹی کامیڈی شو ’کپل شرما شو‘ سے متعلق مختلف خبریں گردش میں تھیں،کہا جا رہا تھا کہ کپل شرما بیمار پڑ گئے ہیں، جبکہ ان کی جانب سے شو میں آنے والے معروف فلم اسٹارز کے ساتھ بدسلوکی کی خبریں بھی تھیں۔

چند روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کپل شرما نے اپنے شو کی شوٹنگ آخری لمحات میں منسوخ کردی تھی، جس پر اجے دیوگن خفا ہوگئے، جو اپنی فلم ’بادشاہو‘ کی تشہیر کے لیے ’کپل شرما شو‘ میں شرکت کے لیے آ رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب فلم اسٹار اجے دیو گن سے اس بارے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم اصل ماجرا کیا ہے؟ ہو سکتا ہے کپل شرما کسی مصیبت میں ہوں، اگلی بار جب کپل سے بات ہو گی تو میں اس سے پوچھوں گا کہ ایسا کیوں ہوا ؟ جب اجے دیوگن سے کہا گیا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ پیش آ یا تھا تو اس پر اجے دیو گن نے کوئی جوا ب نہیں دیا۔
واضح رہے ’کپل شرما شو‘ بھارت کے معروف ٹی وی چینل پرپرائم ٹائم میں نشر کیا جاتا ہے، اس کا شمار بھارت میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شوز میں بھی ہوتا ہے۔