سیہون دھماکا،تحقیقات کا دائرہ کار سینٹرل جیل کراچی تک پھیلانے کا فیصلہ

سیہون دھماکا،تحقیقات کا دائرہ کار سینٹرل جیل کراچی تک پھیلانے کا فیصلہ

کراچی :سیہون بم دہماکے کی الجھی گتھی سلجھانے کیلئے تفتیش کا دائرہ سینٹرل جیل کراچی تک پھیلا دیا گیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے سینٹرل جیل کراچی میں قید کالعدم لشکر جھنگوی سندھ کے امیر حافظ قاسم رشید، کراچی کے امیر محمود بابر عرف دڑکی شاہ اور کاظم علی شاہ کو تحویل میں لے کر تفتیش کرنے کیلئے محکمہ داخلہ سندھ سے رجوع کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کمانڈروں سے تحقیقات کا فیصلہ سی ٹی ڈی حکام کے بلوچستان کے دورے کے بعد کیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ سیہون اور شاہ نورانی مزارات پر بم دھماکوں میں مماثلت پائی جاتی ہے اور جائے حادثہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تینوں گرفتار کمانڈروں سے تحقیقات میں اہم کڑیاں جڑنے کا امکان ہے۔ تحقیقاتی ٹیم قیدیوں سے جیل کے اندر ہی تفتیش کرے گی۔