اے این ایف کی 6 کارروائیوں میں 551 کلو گرام منشیات برآمد

اے این ایف کی 6 کارروائیوں میں 551 کلو گرام منشیات برآمد

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی گئی  6  کارروائیوں کے دوران 67کروڑ روپے عالمی مالیت کی 551کلو گرام منشیات برآمد   کر لیا۔ ان کارروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک خاتون سمیت6ملزمان کو گرفتار کر لیا   گیا  اور  3  گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں345کلو گرام افیون اور206کلوگرام چرس شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جنرل ائریا روڈ،تحصیل دالبدین، ضلع چاغی میں ایک ٹویوٹا ہائلیکس ڈبل کیبن سے 345کلوگرام افیون قبضے میں لے لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ منشیات کسی دوسرے گروہ کے حوالے کئے جانے کی غرض سے گاڑی میں ذخیرہ کی گئی تھی۔ ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔

دوسری کارروائی کے دوران تحصیل حب، ضلع لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی ہائی وے پر واقع رمضان ہوٹل کے قریب اے این ایف کوئٹہ نے ایک پوٹھوہار جیپ کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 195 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔دوران کارروائی لسبیلہ کے رہائشی محمد حیات اور سمیع اللہ نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف راوالپنڈی ایئرپورٹ ٹیم نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اسلام آباد پر کاروائی کے دوران کرم ایجنسی کے رہائشی انور علی نامی مسافر کے ہینڈ بیگ سے 349گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم اتحاد ائر لائنز کے کی پرواز نمبر EK-613 کے ذریعے دوبئی روانہ ہو رہا تھا۔

اے این ایف لاہور نے خفیہ اطلاع پردربار روڈے شاہ، عیدگاہ روڈ ،گوہاوہ، لاہور کے قریب کاروائی کے دوران لاہور کی رہائشی ایک خاتون سمگلرنصرت بی بی کے قبضے سے 150گرام چرس برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف پشاور نے نیوٹول پلازہ، انڈس ہائی وے، کوہاٹ کے قریب ایک سوزکی مہران کار کو روک کردوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 4.8کلو گرام چرس بر آمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی محمد سعو دنامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے وادھوا بس اسٹاپ، سپرہائی وے، حیدرآباد کے علاقے میں کی گئی کاروائی کے دوران ملزم حضور بخش کے قبضے سے 5گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

مصنف کے بارے میں