مقبوضہ کشمیر: شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

مقبوضہ کشمیر: شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

سرینگر :مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام میں شہید ہونے والے نوجوان عاقب ایتو کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ فوجیوں نے عاقب ایتو کو ایک اور نوجوان سہیل احمد کے ہمراہ جمعرات کو صبح سویرے ضلع کولگا م کے علاقے گوپال پورہ میں محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ نوجوان کو گوپال پورہ کے اپنے آبائی قبرستان میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا ۔

شہید سہیل احمد راتھر کو بھی ضلع کولگا م کے علاقے تانترے پورہ میں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میںہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔دریں اثنا قابض بھارتی فورسز کے خلاف برسرپیکار کچھ مجاہدین نے نماز جنازہ کے موقع پر نمودار ہو کر ہوائی فائرنگ کے ذریعے شہید نوجوان کو سلامی دی۔