اگر ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو آج چپے چپے پر موٹروے ہوتی: وزیراعظم

اگر ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو آج چپے چپے پر موٹروے ہوتی: وزیراعظم

کراچی: کراچی حیدر آباد موٹروے ایم نائن کے تکمیل شدہ حصے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا پاک سر زمین پر نئے راستوں کا جال بچھا رہے ہیں اور یہ وہ وعدے ہیں جو ہم نے 2013 میں قوم سے کئے تھے اب ان کو پورا کر رہے ہیں۔ موٹرویز وہ شریانیں ہیں جن میں معیشت کا خون گردش کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا راستے مشکل ہوں تو منڈیوں تک رسائی بھی مشکل ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے معاشی ترقی کے خاطر خواہ نتائج نہیں آ سکتے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا قوم کی تعمیر کھیل نہیں وژن اور جذبہ بھی ہونا ضروری ہے۔ مذہب اور سیاست کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں کی کمی نہیں۔ وہ لوگ قوم اور نوجوانوں کے ساتھ مخلص نہیں جن کے سامنے صرف اپنا مفاد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے دن رات ایک کر کے ملک کی معاشی ترقی کے لئے کام کیا ہے۔ نئے پاکستان کے خواب کو تعبیر ہم نے دی ہے کیونکہ 3 سال قبل پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔

چارٹر طیاروں پر اڑنے والوں کو سڑکوں کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا جہازوں پر اڑنے والے کبھی نیچے اتر کر دیکھیں۔ کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں سڑکوں کی کیا ضرورت ہے۔ اگر ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو آج چپے چپے پر موٹروے ہوتی۔

بلوچستان کے غریبوں کو سڑکوں کی ضرورت ہے تاکہ ان کی شہروں تک رسائی آسان ہو جائے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے کسانوں کی ضرورتیں پوری کریں گے اور ملک میں ہائیڈرو پاور پلانٹ لگا رہے ہیں۔ 10 ہزار میگا واٹ بجلی اگلے سال تک سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس کی وجہ سے ملک کی انڈسٹری کو فائدہ ہو گا۔ اس وقت بجلی کے ریٹ کم ہو رہے ہیں اور مستقبل میں مزید کم ہو جائیں گے۔ پاکستان میں وسائل کم اور ضرورتیں زیادہ ہیں۔ ایسا بھی دور آیا تھا جب بجلی ناپید تھی لیکن اب یہ حالت نہیں۔

وزیراعظم نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا دھرنوں نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے اسکا سوال ہونا چاہیے۔ کون دھرنوں میں وقت ضائع کرتا ہے قوم کو پتہ ہے ہم دھرنے والے نہیں ترقی والے۔ خطاب کے بعد وزیراعظم نے کراچی حیدر آباد موٹروے ایم نائن کے 75 کلو میٹر کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وفاقی و صوبائی وزرا، ڈی جی فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلٰی حکام، تاجر و صنعتکار اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ 136 کلومیٹر کا یہ منصوبہ 31 مارچ 2018 میں مکمل ہو گا۔

 وزیراعظم محمد نواز شریف کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی میں مرحوم  جسٹس سعید الزمان  صدیقی کی رہائشگاہ گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی گراں قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کی جمہوریت کے لئے ان  کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید خبریں اور معلومات جاننے کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں