پاناما کیس کا اہم کردار قطری شہزادہ آج اسلام آباد پہنچے گا

پاناما کیس کا اہم کردار قطری شہزادہ آج اسلام آباد پہنچے گا

اسلام آباد: پاناما کیس کا اہم کردار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہو گیا ہے۔ قطری شہزادے شیخ حمد بن جاسم الثانی آج کسی وقت پاکستان پہنچ جائیں گے۔ اسلام آباد کے سینئر صحافی عبدالودود قریشی کے مطابق قطری شہزادے شیخ حمد بن جاسم الثانی آج خصوصی طیارے پر اسلام آباد پہنچیں گے اور اسلام آباد کے سب سے بڑے ہوٹل میں دو دن قیام کرینگے جبکہ جے آئی ٹی میں ان کے ہمراہ وکیل اور ترجمان بھی ہو گا۔

قطری شہزادے کو پاکستان آمد پر وی آئی پی پروٹوکول دیا جائیگا۔ یاد رہے پاناما کیس کی سماعت کے دوران شریف خاندان کی جانب سے قطری شہزادے کا ایک خط پیش کیا گیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ لندن فلیٹس قطری شہزادے کی ملکیت تھے جو انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے والد محمد شریف سے کاروباری شراکت کے بعد حسین نواز کے نام کیے۔

گزشتہ روز روزنامہ نئی بات اسلام آباد میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز نے بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے قریبی رفقاء کو بھی آگاہ کر دیا کہ اگر جے آئی ٹی انہیں بلاتی ہے تو وہ اپنا مختصر موقف ضرور پیش کریں گے کہ ان معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ وزیر اعظم نے بیٹے کی جانب سے قرض بھجوائی گئی رقم کے کاغذات بھی تیار کر لیے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم فیملی کی جانب سے جے آئی ٹی کو بھی مطلع کر دیا جائے گا کہ بلائے جانے پر وزیر اعظم قطری شہزادہ اور مریم نواز میسر ہونگے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں