'زرداری صاحب مجھے گالیاں نہیں دے رہے کسی اور کو خوش کر رہے ہیں'

'زرداری صاحب مجھے گالیاں نہیں دے رہے کسی اور کو خوش کر رہے ہیں'

اسلام آباد: نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہو گئے ہیں۔ نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وزیراعظم جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اس کو سزا دی جا رہی ہے۔ کیا اس بات کی سزا ہے کہ میں نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ ختم کی؟۔

انہوں نے مزید کہا کیا اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ ہم نے کراچی میں امن قائم کیا؟۔ زرداری صاحب مجھے گالیاں نہیں دے رہے کسی کو خوش کر رہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے ججز نے کہا کہ کیسز کرپشن کے نہیں۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف نے احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا انصاف کے تقاضے پورے نہ کئے جائیں تو یہ بھی عدالتی توہین ہے۔ عدالتی نظام کی توہین باہر سے ہی نہیں اندر سے بھی ہوتی ہے ہم آمروں کو ہار پہنانے والے نہیں بلکہ خودمختارعدلیہ کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا اداروں سے تصادم صرف ہمارا ہی کیوں ہوتا ہے  جو ہمارے ساتھ ٹکرا رہے ہیں ان کی بات کیوں نہیں ہوتی۔ سمجھ نہیں آتی کس چیز کی پیشیاں بھگت رہے ہیں جبکہ ملک میں سینکڑوں کیسز زیر التوا ہیں مگر ایسا سلوک کسی اور مقدمے میں نہیں دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف لندن پراپرٹیز، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ریفرنسز دائر کیے ہیں جن میں فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں