مسلمان گائے کا گوشت ترک کرکے پہل کریں،سید زین عابدین

مسلمان گائے کا گوشت ترک کرکے پہل کریں،سید زین عابدین

نئی دہلی :بھارت میں گائے کے ذبیحے پر جاری تنازعے کے درمیان اجمیر کی معروف درگاہ کے روحانی سربراہ دیوان سید زین عابدین علی خان نے ملک کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گائے کا گوشت کھانا ترک کر دیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق خواجہ معین الدین چشتی درگاہ کے روحانی سربراہ دیوان سید زین عابدین علی خان نے ایک بیان میں کہا۔
بیف کے متعلق ملک میں دو فرقوں کے درمیان پنپنے والی دشمنی پر قابو پانے کے لیے حکومت کو ملک گیر سطح پر گائے کی قبیل کی تمام اقسام کے ذبیحے پر اور اس کے گوشت کے فروخت پر پابندی لگا دینی چاہیے۔
'انھوں نے یہ بھی کہا کہ 'اگر گائے کے گوشت پر اکثریتی برادری کی جانب سے مخالفت ہو رہی ہے ایسے میں مسلمانوں کو گوشت خوری کو ترک کے اپنی جانب سے پہل کرنی چاہیے۔بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد غیر قانونی مذبح کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اس کے بعد جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان جیسی ریاستوں میں بھی غیر قانونی مذبح کو بند کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔