مریم نواز کی کوئی آف شور کمپنی نہیں،عمران کے الزامات بے بنیاد ہیں:کیپٹن صفدر

 مریم نواز کی کوئی آف شور کمپنی نہیں،عمران کے الزامات بے بنیاد ہیں:کیپٹن صفدر

اسلام آبا د: رکن قومی اسمبلی اور وزیرا عظم کے داماد کیپٹن صفدرنے اہلیہ مریم نواز  پر چیئرمین تحریک انصاف عمران کے الزامات کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے ۔

نیو نیوز کے مطابق وزیرا عظم کی صاحبزادی مریم نواز کے خاوند کیپٹن صفدر نےاپنی اہلیہ کی  آف شور کمپنیوں کے حوالے سےانکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے الزامات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں لہذٰا انکی درخواستوں کو خارج کیا جائے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ انکی اہلیہ مریم نواز باقاعدگی سے ٹیکس اداکرتی ہیں اور انہوں نے اپنے ٹیکس ریٹرنز میں اپنے تمام اثاثے ظاہر کیے ہیں تاہم مریم نواز عمران خان کی طرف سے بتائے گئے اثاثوں کی کبھی مالک نہیں تھیں ۔

کیپٹن صفدر نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ عمران خان نے میری نااہلی کیلئے سپیکر کو کوئی ریفرنس نہیں بھیجا جبکہ دفعہ 62اور 63کے تحت نااہلی کا دائرہ کار بہت محدود ہے ۔

سپریم کورٹ میں نااہلی کیلئے براہ راست درخواست آرٹیکل 225کے خلاف ہے جسے خارج کیا جائے ۔الیکشن سے پہلے آرٹیکل 62کے تحت نااہلی کا سوال نہیں اٹھایا گیا۔