مقبوضہ کشمیر : فاروق عبداللہ نے بھی حریت کانفرنس کی حمایت کردی

مقبوضہ کشمیر : فاروق عبداللہ نے بھی حریت کانفرنس کی حمایت کردی

سری نگر: مقبوضہ  کشمیر میں جاری بھارت مخالف احتجاجی تحریک کے بعد دلی نواز حلقوں کی بھی رائے بھارت کے حوالے سے تبدیل ہونا شروع ہوگئی ہے ۔  حزب مخالف کے رہنما فاروق عبداللہ نے علیحدگی پسندوں سے کہا کہ ان کی جماعت تب تک ان کے ساتھ ہے جب تک وہ صحیح راستے کی طرف قوم کی رہنمائی کریں گے۔

اپنے والد اور کشمیر کے پہلے وزیر اعظم شیخ محمد عبداللہ کی برسی پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران انھوں نے کہا علیحدگی پسندوں کو نیشنل کانفرنس کو اپنا دشمن نہیں سمجھنا چاہیے۔

گذشتہ کئی دنوں سے فاروق عبداللہ علیحدگی پسندانہ لہجے میں بات کرنے لگے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ دنوں بھی انڈیا سے کہا کہ وہ پاکستان کو طاقت سے ڈرا نہیں سکتا جس کے بعد اترپردیش کی ایک عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اپنی بات کی وضاحت کی اور کہا کہ اگر حریت کانفرنس حق کی بات کرے گی تو ان کی جماعت نیشنل کانفرنس ان کا ساتھ دے گی۔

اس سے قبل پارٹی کارکنوں سے کشمیری میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں زندہ ہے۔ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے۔ 1948 سے چلا آرہا ہے۔ لوگ سڑکوں پر ہیں۔ وہ اپنا حق مانگتے ہیں۔ یاد رکھنا، یہ آگ نہیں بجھے گی۔ یہ آگ تب ہی بجھے گی جب بھارت اور پاکستان اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔'

فاروق عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل نکل آئے۔ 'مجھے امید ہے کہ نریندرمودی عنقریب پاکستان کے ساتھ بات کریں گے کیونکہ اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔