وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج لندن کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج لندن کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج لندن کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے جہاں پر وہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات بھی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق شہبازشریف آج سے لندن کیلئے پی آئی اے کی پرواز سے روانہ ہوں گے۔شہباز شریف نے لندن روانگی سے قبل اتفاق ہسپتال سے اپنا باقاعدہ معائنہ بھی کروایا ۔لندن میں بڑے بھائی نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور نوازشریف سمیت تمام فیملی ممبرز کو عید کی مبارکباد بھی دیں گے۔

اس کے علاوہ شہبازشریف ان تمام سے ہٹ کر نوازشریف سے ون ٹو ون ملاقات کریں گے اور اس ملاقات میں دونوں بھائیوں کے درمیان این اے120 کے الیکشن کے علاوہ نیب ریفرنسز اور آئین کے آرٹیکل63میں ترمیم کے حوالے سے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے ردعمل سے بھی آگاہ کریں گے۔

واضح رہے لندن کے نجی ہسپتال میں گلے کی کامیاب سرجری کے بعد کلثوم نواز گھر منتقل ہو چکی ہیں ۔اور ان کی طبیعت کافی بہتر بتائی جارہی ہے ۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔