'لگتا ہے نہال کو کسی مخالف سیاسی جماعت نے گود میں لے لیا'

'لگتا ہے نہال کو کسی مخالف سیاسی جماعت نے گود میں لے لیا'

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے نہال ہاشمی کے سینٹ سے استعفے واپس لینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کو چاہئے تھا استعفے پر قائم رہتے۔ انہوں نے جو قدم اٹھایا یا ہلکے پن کا ثبوت دیا ایک نشست کی خاطر اپنی سیاست ختم کر لی ۔ نہال ہاشمی نے وعدہ خلافی اور اپنے بیان سے مکر جانے پر اپنی عاقبت بھی خراب کر دی۔ ان کا مزید کہنا تھا لگتا ہے کہ ہماری کسی مخالف سیاسی جماعت نے نہال ہاشمی کو گود لے لیا ہے۔

شعلہ بیانی میں کمال رکھنے والے نہال نے آج ایک اور فیصلہ کر کے سیاست میں بھونچال کھڑا کر دیا تھا۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر مستعفی ہونے والے نون لیگی رہنما نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کر کے استعفیٰ واپس لے لیا۔ رضا ربانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ بطور سینیٹر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنا چاہتا ہوں استعفیٰ ذاتی وجوہات پر دیا جو منظور نہ کیا جائے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں نہال ہاشمی نے شریف خاندان سے حساب لینے والوں پر پاکستان کی زمین تنگ کر دینے کی دھمکی دی تھی۔ غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز تقریر کا وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لے لیا تھا جبکہ نہال ہاشمی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔

بعد ازاں نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کی سینیٹ سیکریٹریٹ نے بھی تصدیق کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں