عمران نااہلی کیس، سپریم کورٹ میں دوبارہ سماعت کی تاریخ مقرر

عمران نااہلی کیس، سپریم کورٹ میں دوبارہ سماعت کی تاریخ مقرر

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عدالتی تعطیلات کے بعد عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی سے متعلق دائر درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کر دی۔  چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ دونوں رہنماؤں کے خلاف حنیف عباسی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت 12 ستمبر کو کرے گا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس فیصل عرب بینچ کا حصہ ہوں گے۔ عدالتی تعطیلات کی وجہ سے درخواستوں کی سما عت ملتوی کر دی گئی تھی۔

حنیف عباسی نے درخواست میں استدعا کی تھی کہ عمران خان نے ممنوع ذرائع سے پارٹی فنڈز لیے اور الیکشن کمیشن میں غلط بیانی کی۔ ن لیگی رہنما نے عمران خان اور جہانگیر ترین پر منی لانڈنگ اور ٹیکس چوری کے بھی الزامات عائد کیے تھے۔

کیس کی آخری سماعت 3 اگست کو ہوئی تھی جس میں درخواست گزار حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیئے تھے۔ اپنے دلائل میں اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سیکڑوں مقدمات کی سماعت کرتی ہے اور فیصلے سناتی ہے لہذا عدالت عظمیٰ سیاسی جماعتوں کی غیرملکی فنڈنگ سے متعلق بھی پالیسی واضح کرے۔ تاہم اکرم شیخ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں