لاہور: بند روڈ پر کھڑے ٹرک میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 39 زخمی

لاہور: بند روڈ پر کھڑے ٹرک میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 39 زخمی

لاہور: لاہور کے علاقے بند روڈ پر ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور زمین میں 5 سے 7 فٹ تک گہرا گڑھا بھی پڑا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک تین منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی جب کہ ملبے سے ایک 40 سالہ شخص کی لاش بھی ملی جبکہ 39 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں چھپایا گیا تھا تاہم اس کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ ایس پی سٹی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں ہی چھپایا گیا تھا. ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرک میں 2 من بارود تھا اور ٹرک 2 روز سے پارکنگ اسٹینڈ پر کھڑا تھا۔

ایم ایس میاں منشی اسپتال کے مطابق 22 کے قریب افراد کو طبی امداد کے لئے اسپتال لایا گیا جن میں سے 14 کو ابتدائی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا جب کہ دیگر زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آئی جی پنجاب سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کی جائیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں