پاناما جے آئی ٹی کو ماڈل ٹاون کا کیس بھی دیا جائے، طاہر القادری کا مطالبہ

پاناما جے آئی ٹی کو ماڈل ٹاون کا کیس بھی دیا جائے، طاہر القادری کا مطالبہ

لاہور: ناصر باغ میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک شخص اقتدار سے برطرف ہوا اور پوچھتا ہے قصور کیا ہے۔ تمہارا قصور تمہیں معلوم ہے لیکن میری دانست میں انصاف کا وقت آ گیا ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں جو لوگ شہید اور زخمی کیے گئے ان کا قصور کیا تھا اور جسٹس نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر کیوں نہیں لائی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا یہ لوگ جے آئی ٹی میں جا کر جھوٹ بولتے رہے اور سپریم کورٹ میں بھی جعلی کاغذات جمع کروائے اور اب آپ قوم سے کہتے ہیں میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور آپ شرم سے گھر بیٹھنے کے بجائے جی ٹی روڈ پر آنے کی بات کرتے ہیں۔

طاہر القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ نے لکھا کہ یہ جھوٹا اور بددیانت شخص ہے تاہم نواز شریف کو شکر ادا کرنا چاہیئے کہ سپریم کورٹ نے ان کے ساتھ نرمی برتی کیونکہ انہیں صرف نااہل قرار دیا گیا جیل نہیں بھیجا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا آزاد عدلیہ نے پاناما کیس کا فیصلہ دیا ہے لیکن نواز شریف کہتے ہیں پانچ آدمی ایک عوام کے منتخب کئے گئے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں۔ ان کو یاد ہونا چاہیئے کہ جس آزاد عدلیہ کے لیے مہم چلائی اسی نے یہ فیصلہ دیا۔

طاہر القادری نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ اسی جے آئی ٹی کو ماڈل ٹاؤن کا کیس دے جس نے پاناما کیس کی تحقیقات کی ہیں تو اصل قاتل کا پتا چل جائیگا۔ سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی ہائیکورٹ میں ہماری اپیل کی سماعت نہیں ہو رہی اور ہماری ایک اپیل خارج ہوئی جس پر سپریم کورٹ گئے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے کیس میں 126 ملزمان کو سمن جاری ہوئے ہیں ایک بھی جیل نہیں گیا۔ انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کے بعد اگلی باری آپ کی ہے اور سانحہ ماڈل کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

یاد رہے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری آج صبح 8 بجے کے قریب وطن واپس پہنچے۔ لاہور ائر پورٹ پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا شاندار استقبال کیا۔ کارکنان کی جانب سے گل پاشی، ڈھول کی تھاپ پر رقص اور قائد کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں