بلوچستان اس وقت اقتصادی انقلاب کی دہلیز پر کھڑا ہے، ممنون حسین

بلوچستان اس وقت اقتصادی انقلاب کی دہلیز پر کھڑا ہے، ممنون حسین

کوئٹہ: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل روشن ہے پاکستان کی ترقی بلوچستان سے منسلک ہے بلوچستان کئی دہائیوں سے محرومی کا شکار رہا ہے موجودہ حکومت نے بھر پور توجہ دے کر بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمہ کے لئے بہتر اقدامات اٹھائے ہیں اور بلوچستان میں دنیا کا جدید اور ڈیپ سی پورٹ بن رہا ہے اور یہاں کے عوام کی احساس محرومی کے خاتمہ کے لئے سی پیک میں نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں اور سڑکوں کے جھال بچھائے جارہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ترقی کاسفر نہ رکھے اور یہاں کے عوام کو اس کے ثمرات میسر ہوں۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے آج کوئٹہ میں جامعہ بلوچستان کے 14ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک ایسا مردم خیز خطہ ہے جس نے ایسی بڑی بڑی شخصیات کو جنم دیا ہے جن کے علم صلاحیتوں اور کارناموں کا دائمی نقش تاریخ کے اوراق پر ثبت ہے ۔ یہ ایک دلچسپ تاریخی اتفاق ہے کہ دنیا آج ایک بار پھر ہماری طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے جس میں وطنِ عزیز کے دیگر خطوں کے علاوہ بلوچستان کا کردار کلیدی ہے ۔

انہوں کہاکہ قومی تاریخ کے اس نادر اور عظیم الشان مرحلے پر بلوچستان کے نوجوان ایک ایسا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں جس سے یہ صوبہ اور وطنِ عزیز ہی نہیں،پوری دنیا فخرسے ان کی طرف دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ، خاص طور پر بلوچستان جس اقتصادی انقلاب کی دہلیز پر کھڑا ہے، اس کے تعلق سے اس تقریب کی اہمیت غیر معمولی ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ چمک دار پیشانیوں اور تابندہ چہروں پرپاکستان کے شاندار مستقبل کی جھلک صاف دکھائی دے رہی ہے اور میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آپ کے درمیان ہی وہ خوش قسمت نوجوان بھی موجود ہیں جوملک کے مستقبل کو شاندار بنانے کی قومی جدوجہد کی قیادت کریں گے۔

مصنف کے بارے میں