آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیریزمیں کلین سوئپ کر لیا

آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو باآسانی شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی 156 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت کینگروز نے کیویز کو 117رنزkے بڑھے برتری سے شکست دی

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیریزمیں کلین سوئپ کر لیا

میلبور ن: آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو باآسانی شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی 156 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت کینگروز نے کیویز کو 117رنزکے  بڑھے برتری سے شکست دی۔ڈیوڈ وارنر کی شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میلبور ن میں کھیلے گئے آخری ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیوی بالرز نے 11 کے مجموعے پر ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ کو پویلین لوٹا کر اس فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔جارج بیلی اور ڈیوڈ وارنر نے اسکور کو 73 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر کولن ڈی گرینڈہوم نے آسٹریلیا کو دہرا نقصان پہنچاتے ہوئے پہلے 23 رنز بنانے والے بیلی اور ایک گیند بعد ہی مچل مارش کو کھاتے کھولے بغیر ہی رخصت کردیا۔اس موقع پر ٹریوس ہیڈ ڈیوڈ وارنر کا ساتھ نبھانے وکٹ پر پہنچے اور 101 رنز کی شراکت  داری قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔اس دوران وارنر نے لگاتار دوسرے میچ سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا جو ان کی رواں سال ایک روزہ میچوں میں ساتویں سنچری تھی۔ہیڈ 37 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوئے لیکن دوسرے اینڈ پر موجود وارنر ثابت قدمی سے ڈٹے رہے اور اور 156 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔اوپننگ بلے باز اننگز کی آخری گیند پر چار چھکوں اور 13 چوکوں سے مزین عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد رخصت ہوئے جس کی بدولت آسٹریلیا نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تین جبکہ مچل سینٹنر اور گرینڈ ہوم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں کیوی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 44 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ٹام لیتھم کے آٹ ہونے کے ساتھ ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایسا شروع ہوا کہ آخر تک تھم نہ سکا۔نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کے پاس آسٹریلین بالرز کی نپی تلی بالنگ کا کوئی جواب نہ تھا اور وہ وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل 34، لیتھم 28 اور کولن منرو نے 20 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ میں 117 رنز سے شکست سے دوچار ہوئی اور سیریز میں 3-0 کی کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ڈیوڈ وارنر کو شاندار کارکردگی پر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔