کراچی اور حیدر آباد میں پولیس اور متحدہ لندن کارکنوں میں جھڑپ

کراچی اور حیدر آباد میں پولیس اور متحدہ لندن کارکنوں میں جھڑپ

کراچی ، حیدر آباد: کراچی کے علاقے  لیاقت علی خان چوک پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کی جانب سے جھنڈا لہرانے کے بعد پولیس نے یادگار سے جھنڈا اور پوسٹرز اتار دیے گئے، کارکنوں کے منتشر ہونے کے بعد صورتحال معمول پر آگئی۔


متحدہ قومی موومنٹ لندن کے کارکنوں کے منتشر ہونے کے بعد خواتین کارکنوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی۔ لیاقت علی خان چوک پر ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جھنڈا لہرانے کی کوشش کی گئی، رینجرز نے دوپہر میں قرآن خوانی کیلئے جمع ہونے والے کارکنوں کو ٹریفک میں خلل پڑنے کی وجہ سے منتشر کردیا تھا۔


اس دوران کچھ کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا، پولیس پر پتھر پھینکے جانے کے بعد کارکنوں پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا، یوم شہداء پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں جناح گراؤنڈ جانے کا راستہ نہ ملا تو انہوں نے مکا چوک پر بیٹھ کر ہی قرآن خوانی شروع کردی ، ٹریفک میں خلل پڑنے پر رینجرز اہلکار کارکنوں کو سمجھاتے رہے۔

بعد ازاں ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے یادگار پر پوسٹر ز لگا دیئے، جھنڈا بھی لہرانا چاہتے تھے کہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے ، اس دوران کچھ کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ۔

نعرے بازی کے دوران پولیس پر پتھر پھینکے جانے کے بعد اہلکار حرکت میں آئے اور انہوں نے لاٹھی چارج شروع کردیا، اچانک لاٹھی چارج سے لوگ موٹرسائیکلیں اور چپلیں چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے، کچھ راہگیر بھی لاٹھی چارج کی زدمیں آئے ،لاٹھی چارج سے بھگدڑ مچنے کے دوران متعدد موٹرسائیکلیں گرگئیں۔

دوسری طرف حیدرآباد میں بھی ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے یوم شہداء منانے کیلئے پکا قلعہ جانے کی کوشش کی، جنہیں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے وہاں جانے سے روک دیا ۔

روکے جانے پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے نعرے بازی کی، جس پر پولیس کی ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کے بعد کارکن منتشر ہوگئے۔

حیدرآباد میں ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں اور خواتین کی بڑی تعداد پکا قلعہ پہنچ گئی جہاں انہیں پکا قلعہ گراؤنڈ میں واقع قبرستان میں ایم کیو ایم کے شہیدکارکنوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرنا تھی، پولیس کی جانب سے روکنے کے باوجود کارکنان حصار توڑ کر قبرستان پہنچ گئے، اس دوران نعرےبازی کرنے پر پولیس نےکارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پکا قلعہ چوک پر تعینات کردی گئی ہے،کارکنان پکا قلعہ چوک کے اطراف کی گلیوں سے نکل کر وقفے وقفے سے نعرے بازی کرتے رہے،پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے6 کارکنوں کو گرفتار کیا جنہیں بعد میں پوچھ گچھ کے بعد چھوڑدیا گیا۔