نائیجیریا: خواتین کا خود کش حملہ، 30 افراد ہلاک

نائیجیریا کے شمالی علاقے کے ایک بازار میں 2 خود کش بمبار خواتین نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 30 افراد ہلاک ہوگئ

نائیجیریا: خواتین کا خود کش حملہ، 30 افراد ہلاک

کانو: نائیجیریا کے شمالی علاقے کے ایک بازار میں 2 خود کش بمبار خواتین نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 30 افراد ہلاک ہوگئے۔ نائیجیرین فوج کے ترجمان میجر بدرے اکنٹویے نے بتایا کہ مایدوغوری ٹان کے 'بازار میں 2 خود کش بمبار خواتین نے اپنے جسموں سے منسلک دھماکا خیز مواد کو زور دار دھماکے سے اڑا دیا جس سے 30 افراد ہلاک ہوگئے'۔ دونوں دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 67 ہے۔

رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ان دھماکوں کی ذمہ داری نائیجیریا کی دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے قبول کرلی ہے۔نائیجیرین فوج کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل انھوں نے آپریشن کرکے مذکورہ علاقے سے دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا تھا تاہم اب یہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بوکو حرام نے خود کش دھماکوں کیلئے خواتین کو استعمال کیا ہے اس سے قبل بھی مذکورہ تنظیم اس طرح کے حملوں کیلئے خواتین اور بچوں کو استعمال کرتی رہی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ 7 سال سے نائیجیریا میں جاری خانہ جنگی اور مسلح کشیدگی میں اب تک 20000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 26 لاکھ افراد ہجرت پر مجبور کیے گئے۔12 اکتوبر کو نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں ایک خاتون خود کش بمبار نے ٹیکسی میں موجود دھماکا خیز مواد کو ایک مکان کے قریب زور دار دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔11 فروری کو نائیجیریا میں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں 60 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے تھے، یہ حملہ بھی خواتین نے کیا تھا۔