ماں کی موت کے موقع پر شاہ رخ نے مدد کی:جوہی چاولہ

ماں کی موت کے موقع پر شاہ رخ نے مدد کی:جوہی چاولہ

ممبئی:بالی و وڈ اداکارہ جوہی چاولہ اور اداکار شاہ رخ خان کو بالی ووڈ کی اچھی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں سے ایک 1998 کی ’ڈپلیکیٹ‘ بھی ہے۔یہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین دوست بھی مانے جاتے ہیں، ان کی فلم کو رواں ماہ 19 سال مکمل ہوگئے۔

حالیہ دیے گئے ایک انٹرویو میں جوہی چاولہ نے بتایا کہ  ’فلم ڈپلیکیٹ کی شوٹنگ کے دوران میری والدہ کا انتقال ہوگیا تھا، ہم لوگ پراگ پہنچے جہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی، اگلے دن کرن جوہر کی سالگرہ تھی تو میں اور میری والدہ ان کے لیے تحفہ لینے گئے، اگلی صبح میرے شوٹنگ پر جانے سے قبل میری والدہ واک کے لیے باہر گئیں اور پھر کبھی لوٹ کر واپس نہیں آئیں‘۔

اس موقع پر شاہ رخ نے ان کی کافی مدد کی اور ان کو اس گہرے دکھ میں سے نکلنے میں ساتھ دیا 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’شاہ رخ خان اپنے والدین کو بھی کھو چکے تھے تو وہ جانتے تھے کہ میں کتنے دکھ کی کیفیت میں ہوں، انہوں نے مجھے ہنسانے کی کوشش کی تاکہ میں باقی سب بھول جاؤں‘۔

شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ فلم ’ڈپلیکیٹ‘ کے علاوہ ’یس باس‘، ’راجو بن گیا جینٹل مین‘، ’رام جانے‘ اور ’ڈر‘ سمیت کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

ان کی فلمی جوڑی کو تمام فلموں میں مداحوں نے خوب پسند کیا.