بھارت میں آج 5 سو اور 1 ہزار کے کرنسی نوٹ ختم

بھارت میں آج 5 سو اور 1 ہزار کے کرنسی نوٹ ختم

نئی دہلی : بھارت میں مودی حکومت نے کالے دھن کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے آج سے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے کرنسی نوٹ ختم کردیے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نے  یہ اعلان گزشتہ روز قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نریندر مودی نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹ ہیں وہ انہیں ڈاک خانوں اور اپنے بینک کھاتوں میں جمع کراسکیں گے اور جمع کرائی جانے والی رقم کے لیے کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ رقم آپ کی ہی رہے گی۔

لیکن جن لوگوں کے پاس کالا دھن ہے اگر وہ یہ رقم بینکوں میں جمع کراتے ہیں تو انہیں محکمہ انکم ٹیکس کو جواب دینا ہوگا کہ یہ رقم ان کے پاس کہاں سے آئی اور اس پر انہوں نے ٹیکس کیوں جمع نہیں کرایا تھا۔ بینکوں میں یہ سہولت دس نومبر سے تیس دسمبر تک دستیاب رہے گی۔

وزیر اعظم نے یہ اعلان بھی کیا کہ ملک کے کچھ علاقوں میں آج بھی اے ٹی ایم مشینیں بند رہیں گی۔ منگل کو بینک بھی صارفین کے لیے بند رہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے دو ہزار روپے کا نیا نوٹ بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئندہ چند دنوں تک بینکوں سے رقم نکالنے پر بھی کچھ پابندیاں عائد رہیں گی، یعنی کتنی رقم نکالی جاسکتی ہے، تاہم وزیر اعظم کے مطانق یہ پابندیاں جلد ہی ہٹا لی جائیں گی۔ حکومت کے اس اعلان کے بعد سو روپے کا نوٹ ہی سب سے بڑا نوٹ رہ جائے گا۔