دپیکا پڈوکون کی فلم ”پدماوتی “پر ایک اورمشکل آن پڑی

دپیکا پڈوکون کی فلم ”پدماوتی “پر ایک اورمشکل آن پڑی

ممبئی©: بھارتی ریاست راجھستان کے ڈسٹری بیوٹرز نے ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ خریدنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجھستان میں فلمسازوں کو فلم کے ڈسٹری بیوٹشن رائٹس فروخت کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور ڈسٹری بیوٹرز نے فلم خریدنے سے انکار کردیا ہے۔راج بھنسل نامی ڈسٹری بیوٹر نے فلم کے رائٹس میں خریداری کی دلچسپی کا اظہار کیا ہے لیکن اس کے لیے انہوں نے فلم کے تنازع کو ختم کرنے کی شرط عائد کردی ہے۔
ڈسٹری بیوٹر کا کہنا ہے کہ ریاست میں فلم کے معاملے پر تنازع برقرار ہے اور تنازع ختم کیے بغیر فلم کی خریداری ممکن نہیں ہے۔بھارتی ریاست راجھستان میں 300 سے زائد اسکرینیں ہیں جہاں فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں اور وہاں فلم کی عدم نمائش پر فلمسازوں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پدما وتی میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اور فلم یکم دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔