اساتذہ اور ناراض کارکنا ن کا عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا

اساتذہ اور ناراض کارکنا ن کا عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر خیبر پختونخوا کے اساتذہ اور پی ٹی آئی بلوچستان کے کارکنان نے دھرنا دیا۔
اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تین سال سے ٹیچنگ اسسٹنٹس کو مستقل کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے لیکن اس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا، جبکہ ان کی مستقلی کے حوالے سے بل مشتاق غنی کی وجہ سے زیر التوا ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف بلوچستان کے کارکنوں کا بھی دو روز سے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا جاری ہے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی پارٹی کو ریجنز میں تقسیم کیا جائے۔
احتجاج کرنے والے اساتذہ نے مطالبات کی منظوری تک وہ بنی گالہ میں ہی موجود رہیں گے۔خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی طرف سے اس وقت احتجاج کیا گیا جب کچھ وقت بعد عمران خان کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہونا تھا۔اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تعیناتی اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پر غور کیا جانا تھا۔احتجاجی اساتذہ نے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی گاڑی کو بھی روک لیا اور شدید نعرے بازی کی۔تاہم اساتذہ اور بلوچستان کارکنان کے احتجاج کے باعث اجلاس جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر منتقل کردیا گیا۔