شام میں جنگی طیاروں کی بمباری، 30شہری ہلاک

شام میں جنگی طیاروں کی بمباری، 30شہری ہلاک

دمشق :شام میں جاری جنگ کی صورتحال پرنظر رکھنے والے ادارے ”رصد گاہ برائے انسانی حقوق“ کے مطابق شام میں نا معلوم طیاروں کی طرف سے کی جانے والی بمباری میں 30شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس ادارے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نامعلوم جنگی طیاروں نے مشرقی شام میں داعش کے زیر انتظام علاقے میں بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 30 شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
”آبزر ویٹری فار ہیومن رائٹس“ کا کہنا ہے کہ مشرقی شام میں عام شہریوں کے قتل عام کا سبب بننے والے جنگی طیاروں کی شناخت نہیں کی جاسکی۔
خیال رہے کہ مشرقی شام میں وادی فرات اور اسکے اطراف میں داعش کیخلاف کارروائی میں امریکہ کی قیادت میں سرگرم عالمی اتحاد ، روس اور شامی فوج بھی سرگرم ہیں۔قبل ازیں منگل کو انسانی حقوق گروپ نے بتایا تھا کہ المیادین کے مقام پر داعش کی قائم کردہ جیل پر بمباری میں کم سے کم 57 قیدی ہلاک ہوگئے تھے۔