اسد شفیق 11 ٹیسٹ سنچریاں بنا کر سعید انور اور آصف اقبال کے ہم پلہ ہو گئے

اسد شفیق 11 ٹیسٹ سنچریاں بنا کر سعید انور اور آصف اقبال کے ہم پلہ ہو گئے

دبئی: پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی 11 ویں سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق ہم وطن بلے بازوں سعید انور اور آصف اقبال کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا اور وہ پاکستان کی جانب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر دسویں بلے باز بن گئے ہیں.

انہوں نے مشتاق محمد اور مدثر نظر کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، دونوں بلے بازوں نے دس، دس سنچریاں سکور کر رکھی تھیں، اس کے علاوہ شفیق زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے پندرہویں پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں، انہوں نے آصف اقبال کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز پایا.

شفیق نے اب تک 3614 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ اقبال نے 3575 رنز بنا رکھے تھے۔ پاکستان کی جانب سے یونس خان کو زیادہ سنچریاں اور زیادہ سکور بنانے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے 34 سنچریاں اور 10099 رنز بنا رکھے ہیں۔