ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے فیکا کی رپورٹ مسترد کردی

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے فیکا کی رپورٹ مسترد کردی

ٹرینیڈاڈ:ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے فیکا کی رپورٹ مسترد کر دی اورسکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلیے مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دیدی۔وفد کی قیادت منیجر آپریشن رولینڈ ہولڈر اور سیکیورٹی کے سربراہ پال سلوو کرینگے، ٹی 20سیریز کھیلنے کا فیصلہ مہمان وفد کی رپورٹ دیکھ کرکیا جائے گا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کرکٹ بورڈ کے صدرعظیم بصارت کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ حالات کا جائزہ لینے کیلیے اپنی سیکیورٹی ٹیم پاکستان بھیجے گا۔انھوں نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن(فیکا)کی رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بہت حساس ہے، اسی لیے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیج رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے فورا بعد ویسٹ انڈیز کو 2ٹوئنٹی 20 میچزکی سیریز کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پہلا مقابلہ لاہورمیں 18 مارچ اوردوسرا 19 مارچ کو شیڈول کیاجائیگا۔ واضح رہے کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے غیر ملکی کرکٹرز کو پاکستان نہ جانے کا مشورہ دیا تھا۔