مصباح اور یونس کیلئے بورڈ نے مستقبل کا پلان بنا لیا ہے: شہریار خان

مصباح اور یونس کیلئے بورڈ نے مستقبل کا پلان بنا لیا ہے: شہریار خان

کراچی: چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو    کرتے ہوئے کہا کراچی میں امن ہو گیا ہے اور اب یہاں بھی میچ ہونگے۔ کوشش ہے کہ آئی پی ایل تھری کے میچز کراچی اور لاہور میں کروائے جائیں۔ شہریار خان نے  مصباح اور یونس کی ریٹائرمنٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا دونوں کھلاڑیوں کے لیے بورڈ نے مستقبل کا پلان بنا لیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں سے مشورے کے بعد انہیں ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

شاہد آفریدی کو فیئر ویل دینے کے حوالے سے شہریار خان نے کہا  آفریدی بہت بڑے کھلاڑی ہیں اور کرکٹ میں ان کی خدمات کو بھی سراہا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا پاک بھارت سیریز نہ ہونے کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان ہوا ہے۔ پاکستانی ٹیم 2 مرتبہ بنگلا دیش کا دورہ کر چکی ہے اب انہیں پاکستان آ کر کھیلنا چاہیے۔

گزشتہ روز شہریار خان نے کہا تھا بھارت کے ساتھ باہمی سیریز کے حوالے سے ایم او یو ایک قانونی دستاویز ہے اور ابھی تک بھارت نے ہمارے لیگل نوٹس کا تحریری جواب نہیں دیا اگر جواب نہ ملا تو آئی سی سی کی مصالحتی کمیٹی کے سامنے معاملہ پیش کریں گے۔

 جون میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں بگ تھری کا عملی طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔ ہم بھی یہ چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ جلد ختم ہو لیکن بھارت اور سری لنکا بگ تھری ختم کرنے کے فیصلے کیخلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں