فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی

لاہور: انٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن نے پاکستان فٹبال فیڈریشن میں تیسرے فریق کی مداخلت پر اس کی رکنیت معطل کر دی۔ فیفا کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر اور اکاؤنٹس پر عدالت کی جانب سے تعینات کردہ ایڈمنسٹریٹر کے کنٹرول میں ہیں جو کہ فیفا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

فیفا قوانین کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انتظامیہ کو آزاد ہونا چاہیے جس پر کسی تیسرے فریق کا دباؤ نہ ہو۔ فیفا کے مطابق جب تک پابندی اٹھائی نہیں جاتی اس وقت تک پاکستان فٹبال فیڈریشن اور کلب ٹیم کسی بھی عالمی مقابلے میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہو گی اور اسے حاصل فوائد بھی معطل رہیں گے۔ معطلی کے دوران فیفا کی ممبر ایسوسی ایشنز پاکستان فٹبال فیڈریشن سے کھیلوں کے روابط بھی قائم کرنے کی اہل نہیں ہوں گی۔

 پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی سے قبل فیفا نے پی ایف ایف کو دھڑے بندی ختم کرنے کے لئے تنبیہ کی تھی جس کے باوجود دونوں دھڑے اپنی ضد پر اڑے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن دو دھڑوں میں تقسیم ہے جس کے باعث عدالت نے پی ایف ایف کے معاملات دیکھنے کے لئے جسٹس (ر) اسد منیر کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا تھا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دونوں دھڑوں سے مذاکرات کے لئے فیفا کا ایک وفد اگست 2015 میں پاکستان بھی آیا لیکن وہ بھی کوئی حتمی نتیجہ نکالنے میں ناکام رہا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں