آپ کی زبان کا رنگ آپ کی صحت کا پتہ بتاتا ہے

آپ کی زبان کا رنگ آپ کی صحت کا پتہ بتاتا ہے

لاہور:بعض اوقات ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری چہرے یا جلد کی رنگت ہمیں بتاتی ہے کہ ہم کتنے صحت مند ہیں یعنی اگر ہماری جلد گلابی یا سرخی مائل ہے تو ہم صحت مند تصور کیے جاتے ہیں اور زرد رنگت کو بری صحت کی علامت گردانا جاتا ہے ۔لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ انسان کی زبان کی رنگت بھی صحت  کا پتہ بتاتی ہے ۔اس کا آسان حل یہ ہے کہ آپ اپنی زبان نکالیں اور اور بغور معائنہ کریں کہ اس  کی رنگت کیا ہے ۔

اگر آپ کی زبان کی رنگت سرخ ہورہی ہے تو یہ آپ کے جسم میں زیادہ درجہ حرارت کی نشاندہی کرتی ہے۔ ایسا عام طور پر بخار یا ہارمونز کے عدم توازن کی صورت میں ہوسکتا ہے۔ اگر باقی زبان کی نسبت صرف اس کی نوک زیادہ سرخ ہو رہی ہے تو یہ سانس کی بیماری یا جذباتی دباﺅ کا اشارہ ہے۔ اس کے برعکس بکثرت سگریٹ نوشی یا شراب نوشی کرنے، یا منہ کی صفائی کا خیال نہ رکھنے کی صورت میں زبان کی رنگت سفید پڑجاتی ہے۔ اگر آپ کی زبان کی رنگت چمکدار گلابی ہے تو آپ کے جسم میں آئرن، فولک ایسڈ یا وٹامن بی 12 کی کمی ہوسکتی ہے۔

زبان کی رنگت زردی مائل ہونا جسم میں توانائی کی کمی کو ظاہرکرتا ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو صحت بخش اور توانائی سے بھرپور غذائیں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ زیادہ جسمانی مشقت یا خواتین میں مخصوص ایام کے بعد بھی زبان کی رنگت زردی مائل نظر آسکتی ہے، جبکہ مدافعتی نظام کی کمزوری کی وجہ سے بھی زبان کی رنگت زرد ہو سکتی ہے۔

اگر آپ کی زبان کی رنگت جامنی ہو رہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کسی زخم یا درد کی وجہ سے دوران خون کا نظام متاثر ہوا ہے۔ جسم کے دیگر اعضاءکی طرح جب زبان کو بھی خون کی فراہمی سست پڑتی ہے تو اس کی رنگت جامنی نظر آنے لگتی ہے۔

اپنی صحت کو جانچنے کا یہ بہترین اور آسان حل ہے جس سے آپ کو کافی مدد مل سکتی ہے اور آپ بروقت پنی آپ کو صحت مند بنا سکتے ہیں۔