" نیوز لیکس معاملہ " وزیر داخلہ کا بیان ہی حکومت کا موقف ہے، وزارت داخلہ

اسلام آباد: ترجمان وزارت داخلہ کاکہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کا جھوٹی خبرسے متعلق بیان حکومت کا موقف ہے لہذا ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش نہ کیا جائے۔

ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خبر لیکس کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ نے انگریزی اخبار کے ایڈیٹر اور اسٹاف کوکمیٹی میں بلانے کی ہدایت کی ہے، ایڈیٹراور اسٹاف کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے کہا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کا جھوٹی خبرکی تحقیقات سے متعلق بیان ہی حکومت کا موقف ہے اس لیے میڈیا وزیرداخلہ کے الفاظ کو اپنے اندازمیں تشریح کرنے سے گریزکرے کیونکہ قومی اہمیت کے اس معاملے پر خود ساختہ تجزیہ تحقیقات پر منفی اثرڈالے گا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ انگریزی اخبار میں چھپنے والی خبر نیشنل سیکیورٹی لیکس نہیں بلکہ جھوٹی خبر تھی اور یہ حساس معاملہ ہے لہذا سیاسی مقاصد والے کوئی اور دکان کھولیں.