عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ تعصب پر مبنی ہے : پی ٹی آئی رہنما

عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ تعصب پر مبنی ہے : پی ٹی آئی رہنما

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ئوںنے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ تعصب و تنگ نظری پر مبنی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ،الیکشن کمیشن کے پاس وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے اختیارات ہی نہیں ،چیف الیکشن کمشنر کے 2داماد حکومت کے ملازم ہیں وہ اس عہدے پر رہنے کے اہل نہیں ،پہلے ہم خاموش رہے اب نہیں رہیں گے ۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا قابل مذمت فعل ہے، چیف الیکشن کمشنر کے 2بیٹے حکومت کے ملازم ہیں بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف فیصلے تعصب کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی سوال یہ ہے کہ عمران خان کے خلاف نوٹسز کس قانون کے تحت جاری کیے گئے، جب تک اختیارِ سماعت کا فیصلہ نہیں ہوتا، جلدی میں جو بھی فیصلے کیے جائیں گے، اس کا مطلب یہی ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان نشانے پر ہے۔


عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کاتوہین عدالت کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا زیادتی ہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان عوامی لیڈر ہیں اور ان پر کوئی کرپشن کے الزامات نہیں ہیں الیکشن کمیشن نے وارنٹ جاری کر کے اپنی پوزیشن کو مزید خراب کیا ہے ۔