مقبوضہ کشمیر میں 6نوجوانوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال

 مقبوضہ کشمیر میں 6نوجوانوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں6نوجوانوں کے قتل کے خلاف پیرکو مکمل ہڑتال کی گئی جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔ سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں تمام دکانیں، کاروباری اور تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ آزادی پسند رہنمائوں نے معصوم کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے خلاف بدھ کوکولگام چلو کی کال بھی دی ہے۔

دریں اثناء کولگام میں گزشتہ روز معصوم شہریوں کی شہادت پر بھارت مخالف ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے قابض حکام نے کولگام اور شوپیان اضلاع میں کرفیو اور دیگر پابندیاں نافذکردی تھیں۔مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا تھا۔ کرفیو اور سخت پابندیوں کے باوجود جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں لوگوں نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے اورمختلف علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔ کولگام اور پلوامہ میں لوگ پابندیوں کی پرواہ کئے بغیرسڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف زبردست مظاہرے کئے۔بھارتی فورسز نے قیموہ میں مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے متعدد افرادکو زخمی کردیا۔ 

مصنف کے بارے میں