محمودآباد کراچی میں نجی گاڑی سے بیلٹ باکس برآمد

محمودآباد کراچی میں نجی گاڑی سے بیلٹ باکس برآمد

کراچی :کراچی کے علاقے محمودآباد میں نجی گاڑی سے بیلٹ باکس برآمد ہوا ہے ۔ ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے کہا ہے کہ پی ایس 114انتخابات میں بیلٹ بکس ملنے سے ثابت ہوگیا کہ دھاندلی ہوئی۔ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی محمودآباد میں پارٹی دفتر میں موجود تھے کہ علاقے کے لوگوں نے نجی گاڑی میں بیلٹ باکس لے جانے کی اطلاع دی جس پر علی رضا عابدی نے گاڑی کے ڈرائیور کو روکا۔

ڈرائیور کا سامان اور بیلٹ باکس سے متعلق بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سامان کس کے گھر سے اٹھایا ہے نام نہیں بتاسکتا۔ترجمان ایم کیوایم پاکستان کے مطابق بیلٹ بکس ملنے سے ثابت ہوگیا کہ پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی ہوئی ہے.

انتخابات کے بعد بیلٹ بکس اور دیگر انتخابی سامان ملنا الیکشن کمیشن کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ترجمان ایم کیو ایم کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کراچی کے عوام نے کبھی اعتماد کاووٹ نہیں دیا اور دھاندلی کے ذریعے خودساختہ نمائندگی کے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

ترجمان کے مطابق انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کیلئے پٹیشن دائرکی ہے اورایم کیوایم نے انتخابات سے قبل کچھ پولنگ اسٹیشنز کے مقامات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔