شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج نے کمرہ عدالت میں وکلا کی ہلڑ بازی کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم کی کارروائی 19 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسز کی سماعت کے لئے کمرہ عدالت میں آئے تو اس موقع پر وکلا نے شور شرابا شروع کر دیا۔ کمرہ عدالت میں بدنظمی کے باعث معزز جج محمد بشیر اٹھ کر چلے گئے اور تینوں ملزمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی اور سماعت 19 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

سماعت ملتوی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور داماد واپس چلے گئے۔ مریم نواز نے وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ آج کے واقعے کی تحقیقات کروائی جائیں۔

وکلا اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی

مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کےباہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جس کے باعث جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ایک بار پھر بد نظمی دیکھنے میں آئی۔

 

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور اس دوران ایک وکیل زخمی بھی ہوگیا۔

وکلا نے الزام لگایا کہ انہیں پولیس نے عدالت جانے سے روکا اور ڈنڈے برسادیئے جس کےباعث ان کے ساتھی وکیل کا سر پھٹ گیا جسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث لندن میں موجود ہیں جو عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ ان کی جانب سے ظافر خان کو نمائندہ نامزد کیا گیا تھا۔

واضح رہے عدالت نے گزشتہ سماعت پر لندن میں رہائش پذیر حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کر دیا تھا جب کہ دونوں ملزمان کو بذریعہ اشتہار پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

ملزمان کی لاہور میں رہائش گاہ اور احاطہ عدالت میں چسپاں کیے گئے اشتہار میں لکھا ہے کہ دونوں ایک ماہ کے اندر عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا۔ اس اشتہار کی اشاعت کے بعد کسی بھی مرحلے پر جائیداد ضبطی کی کارروائی بھی شروع کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں