لاہور ہائیکورٹ نے کلثوم نواز کیخلاف درخواستیں مسترد کر دیں

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں مسترد کر دیں۔ این اے 120 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر اور دیگر نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اقامے اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کیں جب کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس ان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کے لیے 3 رکنی فل بینچ تشکیل دیا تھا جس میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس عباد الرحمان شامل تھے۔ 3 رکنی فل بینچ کے 2 ججوں نے کلثوم نواز کے خلاف درخواستوں کو مسترد کر دیا۔  

یاد رہے کہ کلثوم نواز ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور ان کی انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔

واضح رہے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہو گا جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے اور تحریک انصاف کی جانب سے یاسمین راشد امیدوار ہیں جب کہ پیپلز پارٹی نے فیصل میر کو میدان میں اتارا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں