شانگلہ: پرچم کشائی کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 طلبہ جاں بحق

شانگلہ: پرچم کشائی کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 طلبہ جاں بحق

شانگلہ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع شانگلہ میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 طلبہ جاں بحق ہو گئے۔ ملک بھر کی طرح ضلع شانگلہ میں بھی جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں جہاں تحصیل پورن میں گورنمنٹ پی زیڈ اے اسکول کے طلبہ بھی ایسی ہی ایک تقریب کے دوران دھاتی پائپ کے ذریعے پرچم کشائی کر رہے تھے۔

اس دوران ان کے ہاتھ میں موجود پائپ قریب سے گزرنے والی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے دو طلبہ 8 سالہ عثمان اور 9 سالہ ریحان جاں بحق ہو گئے۔

ایس ایچ او پورن شیر حسن نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچے دوسری اور تیسری جماعت کے طالب علم تھے۔ واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکول کی مکمل عمارت موجود نہیں ہے اور بچوں کو کھلے آسمان کے نیچے تعلیم دی جاتی ہے جہاں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب جاری تھی کہ پرچم کا پائپ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے باعث بچے جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں