خیبرپختونخوا حکومت اور زونگ نے مل کر انتہائی شاندار کام کردکھایا

خیبرپختونخوا حکومت اور زونگ نے مل کر انتہائی شاندار کام کردکھایا

اسلام آباد:  خیبرپختونخوا حکومت اور زونگ نے مل کر عوامی خدمت کا بیڑہ اٹھا لیا اور زونگ نے صوبائی محکمہ صحت کے’صحت سہولت‘ پروگرام کوآگے بڑھانے کیلئے ساتھ دینے کا اعلان کردیااور اس ضمن میں پشاور میں ہونیوالی تقریب میں معاہدے پر دستخط بھی کردیئے گئے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویزخٹک، زونگ کے چیف فائنانشل آفیسر لی وینیو کی سربراہی میں سینئر افسران ، صحت سہولت پروگرام کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض تنولی اور صوبائی وزیرصحت شہرام ترکئی بھی موجود تھے ۔
معاہدے کے مطابق صوبائی وزارت صحت کے تعاون سے زونگ صحت سہولت پروگرام سے مستفید ہونیوالے17لاکھ افراد کو موبائل فون سمیں فراہم کرے گا ، حکومت اور کارپوریٹ سیکٹر کے درمیان ایسا منصوبہ بہترین نتائج حاصل کرنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستفید کرنے کے لیے بہترین مثال ہے ، دونوں پارٹیاں مل کر قابل عمل اصلاحات لاسکتی ہیں جس کے باعث پاکستان کے لاکھوں لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات مل سکیں گی ۔
صحت سہولت پروگرام گزشتہ سال دسمبر میں صوبائی حکومت نے پانچ سال کیلئے شروع کیاتھا جس کا مقصد معاشرے کے پسماندے طبقے کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے ، دوسری طرف پاکستان کے سب سے بڑا اور تیزترین فورجی نیٹ ورک زونگ نے بھی وعدہ اور بارہااس امر کا عزم کیا کہ وہ اپنے سوشل ریسپانسبلٹی پروگرام کے تحت آپسی رابطوں کے ذریعے پاکستانی عوام کا لائف سٹائل بدلے گا۔