بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، وزیراعظم

کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت بلوچستان میں بحالی امن کے لئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ اجلاس میں وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں امن  وامان کی صورتحال سےمتعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں بحالی امن کے لئے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی حکومت صوبے میں بحالی امن کے لئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔

اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان میں ماضی کی نسبت امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے اور صوبے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے جبکہ رہے سہے عناصر کا خاتمہ کر کے صوبے کی عوام کو خوشیاں لوٹائیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گورنر ہاؤس پہنچے جہاں ان کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناءللہ زہری کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں