دبنگ خان بھی فلم ”پدماوتی“ تنازعہ پر بول پڑے

ممبئی: بالی ووڈ فلمساز کرن جوہر کے بعد سپرسٹار سلمان خان بھی فلم ’پدماوتی‘ کے ڈائرکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی حمایت میں میدان میں آگئے۔
سلمان خان نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اگر اس فلم میں کچھ قابل اعتراض ہے تو سنسر بورڈ کو یہ معاملہ دیکھنا چاہیئے، نہ کہ اس پر مسائل کھڑے کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سنجے لیلا بھنسالی بہت اچھی فلمیں بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور ان کی پچھلی فلمیں دیکھی جائیں تو ان میں کوئی متنازع چیزیں نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ فلم ’خاموشی‘ اور’ہم دل دے چکے صنم‘ میں کام کرچکے ہیں لیکن اب سلو میاں اور ان کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات چل رہے ہیں۔فلمی حلقوں میں سنجے لیلا سے اختلافات کے باوجود سلمان کی حمایت کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے اور اسے دونوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کا آغاز قرار دیا جارہا ہے۔