دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی‘۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کور کا دورہ کیا اور پاک فوج کے جوانوں کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے معیار اور حوصلے کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مغربی سرحد پر دشمن کی موجودگی اور ملکی سلامتی کے فرائض کے باوجود ہم روایتی خطرات سے غافل نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں درپیش چیلنجز اعلی ترین فوجی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کا تقاضہ کرتی ہیں۔


آرمی چیف نے اس موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی لیکن اس مقصد کے لیے تمام ریاستی اداروں کوملکی مفادمیں کام کرنا ہو گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ طویل سفر کے بعد چیلنجز پر قابو پا لیا ہے اور انشاءاللہ پاکستان جلد اقوام عالم کی صف اول میں شامل ہوگا، لیکن ترقی کے لیے صرف اور صرف پختہ عزم اور بطور قوم متحد رہنے کی ضرورت ہے۔