آئی سی سی نے ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کی منظوری دے دی

آئی سی سی نے ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کی منظوری دے دی

آکلینڈ: آئی سی سی نے حالیہ عرصے میں موضوع بحث ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کی منظوری دے دی ہے، گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹو  ڈیوڈ رچرڈسن کے مطابق ٹیسٹ سیریز   کی لیگ میں نو ممالک دو سالہ عرصے میں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر دو میچوں پر مشتمل چھ سیریز کھیلیں گے جبکہ ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ ون ڈے لیگ ہو  گی جس میں بارہ رکن ممالک کے علاوہ آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ کی چیمپئن ٹیم بھی شریک ہو   گی۔

آئی سی سی بورڈ نے نو ملکوں پر مشتمل ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ساتھ ہی 13 ممالک پر مبنی ون ڈے لیگ کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد کرکٹ کے کھیل کو بامعنی بنانے کے ساتھ ہی یہ بھی ہے کہ تمام ملکوں کو ایک دوسرے کیخلاف باہمی سیریز کھیلنے کا موقع ملے۔ دونوں طرز کے مقابلوں کیلئے شیڈول تیار کئے جائیں گے البتہ طویل فارمیٹ کے ایونٹ کا آغاز دو ہزار انیس میں ورلڈ کپ کے بعد اور ون ڈے ٹورنامنٹ کا دو ہزار بیس میں ہو گا۔ ون ڈے لیگ کے پہلے ایڈیشن میں ہر ٹیم چار،چار ہوم اینڈ اوے سیریز کھیلے گی اور ہر سیریز تین میچوں پر مشتمل ہو گی اور دوسرے سائیکل کی جانب بڑھتے ہوئے ہر ٹیم کو ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے کا موقع میسر آئے گا۔

آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے تمام رکن ممالک کو  مبارکباد  دیتے ہوئے کہا   کہ اس ایگریمنٹ پر متفق ہو  کر انہوں نے کھیل کی ترقی کو اولیت دی ہے ،اگرچہ باہمی سیریز کو طے کرنا کوئی نیا چیلنج نہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اس مسئلے کا حقیقی حل تلاش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گورننگ باڈی نے چار روزہ ٹیسٹ میچوں پر بھی رضامندی ظاہر کر دی ہے اور باکسنگ ڈے پر جنوبی افریقہ بمقابلہ زمبابوے معرکے کو گرین سگنل مل سکتا ہے۔ ششانک منوہر کے مطابق چار روزہ ٹیسٹ چھوٹے ممالک کی اس فارمیٹ میں ترقی کیلئے کارآمد ثابت ہوں گے۔

مصنف کے بارے میں