ایپل کے شریک بانی نے نئی تعلیمی آن لائن کمپنی کا آغاز کر دیا

ایپل کے شریک بانی نے نئی تعلیمی آن لائن کمپنی کا آغاز کر دیا

نیویارک: معروف امریکی کمپنی ’ایپل‘ کے شریک بانی اسٹیو ووزنیک نے اسٹیو ووزنیک نے ٹیکنالوجی مصنوعات بنانے کی کمپنی کے بجائے ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے کے لیے آن لائن کمپنی بنالی۔ آن لائن تعلیمی کمپنی نے فوری طور پر آج سے ہی آن لائن کورسز کرانے کی شروعات کردی۔
اسٹیو ووزنیک نے اپنی آن لائن یونیورسٹی کو ’ووز یو‘ کا نام دیا ہے، جو مستقبل میں نہ صرف ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری سے متعلق تعلیم دے گی، بلکہ وہ سائبر سیکیورٹی جیسے شعبوں کے کورسز بھی کروائے گی۔’ووز یو‘ نامی اس ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے لیے آنے والے تین سال کے اندر دنیا کے مختلف ممالک میں 30 کیمپس بھی بنائے جائیں گے، جب کہ یونیورسٹی کے ذریعے آن لائن کورسز اور تعلیم کے کورسز بھی جاری رہیں گے۔’ووز یو‘ یونیورسٹی میں دنیا بھر کے طلبہ کو ہفتے کے ساتوں دن میں 24 ہی گھنٹے ویڈیوز اور خصوصی سافٹ ویئرز کے ذریعے آن لائن تعلیم فراہم کی جائے گی۔
فوری طور پر یونیورسٹی نے سافٹ ویئر ڈویلپنگ اور کمپیوٹر سپورٹ اسپیشلسٹ جیسے کورسز کرانے کی سہولت متعارف کرائی ہے، دنیا کے کسی بھی ملک سے کوئی بھی طالب علم آن لائن اس یونیورسٹی میں اپنی پسند کا کورس کرنے کے لیے خود کو رجسٹرڈ کر سکتا ہے۔آئندہ سال تک ’ووز یو‘ یونیورسٹی نہ صرف دنیا بھر میں کیمپس بنانے کا آغاز کردے گی، بلکہ یونیورسٹی مختلف مضامین میں ڈپلومہ، گریجوئیٹ اور ماسٹرز ڈگریوں کے پروگرامات کا بھی آغاز کردے گی۔
اس یونیورسٹی کے تحت ڈیٹا سائنس، سائبر سیکیورٹی، موبائل ایپلی کیشن، سماجی ویب سائٹس سمیت ٹیکنالوجی مصنوعات کی مینیوفیکچرنگ سے متعلق بھی تعلیم دی جائے گی۔اس ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے تحت نہ صرف طلبہ بلکہ پروفیشنل افراد کو بھی خصوصی طور پر تربیت دی جائے گی، ملازمین کو بھی آن لائن تربیت سمیت کیمپسز میں بھی تربیت حاصل کرنے جیسی سہولیات متعارف کرائی جائیں گی۔ابھی یہ واضح نہیں کہ یونیورسٹی کی جانب سے کس کورس کے لیے کتنی فیس مقرر کی گئی ہے، اور آیا کوئی کورس مفت بھی کرایا جائے گا یا نہیں؟۔