سیاحتی میلہ بھارت کے خلاف یوم سیاہ کی بڑی ریلی میں تبدیل ہو گیا

سیاحتی میلہ بھارت کے خلاف یوم سیاہ کی بڑی ریلی میں تبدیل ہو گیا

راولاکوٹ:پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام راولاکوٹ میں منعقدہ سیاحتی میلہ بھارت کے خلاف یوم سیاہ کی بڑی ریلی میں تبدیل ہو گیا۔ میلے میں شرکت کے لئے پاکستان بھر سے آنے والے سیاح اور شہریوں نے احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کر کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم اور ریاست کے بڑے حصے پر بھارت کے جابرانہ تسلط کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

راولاکوٹ ائیر پورٹ پر محکمہ سیاحت آزاد کشمیر کی جانب سے پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے منعقد کیئے گئے تین روزہ سیاحتی میلے کے شرکاء اور شہری بھارت کے خلاف احتجاجی ریلی میں شریک ہوئے ۔

ضلعی انتظامیہ اور مختلف سرکاری محکموں و نجی اداروں کے تعاون سے جاری سیاحتی میلے میں شریک پاکستان سے آنے والے سیاحوں ، لوک فنکاروں، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات اور راولاکوٹ کے شہریوں نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ مناہ کر عالمی برادری کو یہ پیغام دیا کہ و ہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کروانے ، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے اور عالمی امن کے قیام کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

ریلی میں شریک خواتین ،طلباء و طالبات ،انتظامیاں کے آفیسران سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بینرز اور قطبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کی قیادت سیکرٹری اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی آزاد جموں کشمیر منصو ر قادر ڈار ، ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردار جاوید ایوب ، ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ راجہ طاہر ممتاز نے کی۔ ریلی ائیر پورٹ کے رن وے پر چکر لگانے کے بعد پرامن اختتام پذیر ہوگئی۔