عمران خان نااہلی ریفرنس، نئی درخواست پر عمران خان کا جواب جمع

عمران خان نااہلی ریفرنس، نئی درخواست پر عمران خان کا جواب جمع

اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی ریفرنسز کی سماعت کے دوران ن لیگ کے وکیل نے جمعہ تک دلائل کے لیے وقت مانگ لیا جبکہ عمران خان کی طرف سے ان کے خلاف نئی درخواست پر جواب بھی داخل کروا دیا گیا۔کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنرکی سر براہی میں بنچ نے کی۔ (ن)لیگ کے وکیل شیخ اکرم عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

(ن) لیگ کے جونیئر وکلا نے استدعا کی کہ شیخ اکرم سپریم کورٹ چلے گئے اس لیے سماعت جمعہ تک ملتوی کی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ کی وجہ سے پھر کیس میں تاخیر ہو رہی ہے۔ کمیشن کے رکن جسٹس ارشاد قیصر نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ تاخیر ہوئی۔ ن لیگ کے وکیل نے درخواست کی کہ کچھ دلائل شیخ اکرم انہوں نے دینے ہیں اس لیے سماعت جمعہ تک موخر کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔ ن لیگی ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کردہ عمران خان کی نااہلی کی نئی درخواست کا جواب بھی جمع کروا دیا گیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے استدعا کی کہ ن لیگی ارکان اسمبلی کی درخواست مسترد کی جائے کیوں کہ ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی درخواست خلاف قانون اور ناقابل سماعت ہے۔

ان کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ آئین کے جن آرٹیکل کے تحت رکن اسمبلی کو نا اہل کیا جاسکتا ہے ان کا حوالہ نہیں دیا گیا اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت منتخب رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں براہ راست درخواست دائر کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ الیکشن سے قبل یا بعد میں کسی رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کے لیے الیکشن ٹربیونل مجاز ادارہ ہے۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ مالی اثاثوں میں غلط بیانی پر سیشن جج ٹرائل کرنے کا اختیار رکھتا ہے اور اسی نوعیت کی درخواست سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ الیکشن کمیشن اس سے قبل وزیر اعظم اور کیپٹن صفدر کے خلاف بھی سماعت ملتوی کر چکا ہے۔عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن سے نااہلی کی درخواست بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مصنف کے بارے میں