ایران اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت ایک ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گئی

ایران اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت ایک ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گئی

اسلام آباد:  وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت برآمدات کودر پیش چیلنجز پر پورا اترنے کے لئے تندہی اور سر گرمی سے کام کر رہی ہے ۔ ایران اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت ایک ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گئی ہے او رٹریڈ آفیسرز کی کارکردگی کی سختی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔

وہ جمعرات کو یہاں وزارت کے اعلیٰ افسران کے ساتھ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں وزارت تجارت کے سیکرٹری محمد یونس ڈھاگہ نے بھی شرکت کی جنہو ں نے وزیر کو وزارت تجارت کی مختلف شروعات اور اقدامات میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔وزارت تجارت سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر جامع نظر ثانی کر رہی ہے تاکہ اس سے بر آمد کنند گان برآمدات بڑھانے میں زیادہ اہم کردار ادا کر سکیں۔

وزیر تجارت نے سیکرٹری وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر کام اس سال کے آخر تک ہر صورت مکمل کر لیا جائے۔سیکرٹری وزارت تجارت نے وزیر تجارت کو بریف کیا کہ ای کامرس کے دائرہ کار اور جیو گرافیکل اشاریوں کے لئے قانون پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ کام اس سال کے آخر تک مکمل کر لئے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی تجدید نو کرنے کی بھی ضرورت ہے تا کہ یہ برآمد کنندگان کی تمام ضروریات کو موثر طور پر پورا کر سکے اور بیرونی ممالک میں کام کرنے والے ٹریڈ افسران کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی ضرورت ہے ۔ سیکرٹری نے بتایا کہ برآمدی نئی مارکیٹوں کی تلاش اور آزادانہ تجارتی معاہدہ کے لئے بھی تندہی سے کام کی ضرورت ہے ۔

اجلاس کے دوران وزیر تجارت کو یہ بھی بتایا گیا کہ تجارت میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور پاکستان و ایران کے مابین دو طرفہ تجارت اب ایک ارب ڈالرز سے بھی بڑھ گئی ہے ۔

مصنف کے بارے میں