روسی لڑاکا طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ

روسی لڑاکا طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ

ماسکو: روس کا لڑاکا طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہو گیا ہے، حادثہ معمول کی ایک تربیتی پرواز میں 'تکینکی خرابی' کے نتیجے میں پیش آیا۔
روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایک روسی ایم آئی جی 29 لڑاکا طیارہ بحری بیٹرے پر لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہو گیا ہے جبکہ طیارے کا پائلٹ بر وقت باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ جنگی طیارہ بحری بیٹرے سے چند کلو میٹر دور گرا تاہم امدای ٹیم نے پائلٹ کو بچالیا۔حکام کےمطابق پائلٹ کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور وہ دوبارہ پرواز کے لیے تیار ہے۔ ان کے فلائٹ آپریشنز کو معطل نہیں کیا گیا ہے۔ بحری بیٹرہ روس کی جانب سے حال ہی میں شام کے ساحل کے قریب تعینات روسی جنگی جہازوں کے ایک گروپ کا حصہ ہے۔
نیٹو نے اس بحری بیٹرے کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے شام کے شہر حلب میں عام شہریوں پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
بین الاقوامی نیوز ایجنسی کے مطابق بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہونے والا روسی لڑاکا طیارہ ایم آئی جی 29 تھا اور جنگی طیارے کو پرواز کے کچھ دیر بعد تکنیکی مسائل کا سامنا رہا، ان ایم آئی جی 29 جنگی طیاروں کو حال ہی میں بحری بیڑے کا حصہ بنایا گیا ۔