عدالتی حکم نہ ماننے پر سکائپ کیخلاف ایکشن

عدالتی حکم نہ ماننے پر سکائپ کیخلاف ایکشن

اینٹرپ : بیلجیئم کی عدالت نے احکامات کے باوجود کالز اور میسجز کا ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر مائیکروسافٹ کی آن لائن کمیونیکیشن سروس”سکائپ“ پر 36 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مقامی اپیل کورٹ کے جج نے سکائپ کے حکام کو ایک منظم جرم کی تفتیش کے حوالے سے کی جانے والی تفتیش کے لیے ایک مشتبہ ملزم کی کالز اور میسجز کا ڈیٹا فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔بیلجیئم قوانین کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کو عدالتی احکامات کے مطابق اس قسم کی معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔
سکائپ حکام کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وہ ٹیلی کام آپریٹر نہیں اس لیے عدالتی احکامات کے باوجود تکنیکی مواد فراہم نہیں کر سکتے۔حکام کی جانب سے عدالت کو دیے گئے بیان کے بعد عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ بیلجیئم قوانین کے مطابق اسکائپ ’غیرمتنازع‘ ٹیلی کام آپریٹر ہے۔عدالت نے سکائپ کی جانب سے دیے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے آن لائن ٹیلی کمیونیکیشن ایپ پر 30 ہزار یورو (36 ہزار ڈالر) جرمانہ عائد کردیا۔ دوسری جانب مائیکروسافٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد دیگر قانونی آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
'